تحریک انصاف نے ہمیشہ گرین بیلٹ پر تعمیرات کے خلاف آواز اٹھائی ہے، شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ گرین بیلٹ پر تعمیرات کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ اجلاس میں اسلام آباد میں گرین بیلٹ پر کنسٹرکشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ گرین بیلٹ پر تعمیرات کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق اسلام آباد میں جیل کے لیے متبادل جگہ دی جائے گی۔گرین ایریا میں کنسٹرکشن کی اجازت دینے میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں اسلام آباد میں جیل کے قیام کے عمل کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں الیکٹورل ترمیم کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قانون میں ارکان پارلیمنٹ کے حلف لینے کے وقت کی بندش نہیں ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ نئے منتخب ارکان پارلیمنٹ 60 سے 90 دن کے اندر حلف لے لیں۔حلف کے لیے قانون میں ترامیم ضروری ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد اسکول کھولنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اساتذہ، والدین اور سکول وکالجز انتظامیہ سے گزارش ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے