منی لانڈرنگ کیس،عدالتی دائرہ اختیارپرایف آئی اے کااعتراض منظور
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)لاہور کی بینکنگ جرائم کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالتی دائرہ اختیار پر ایف آئی اے کا اعتراض منظور کرلیا۔
لاہور کے بینکنگ کورٹ میں جمعہ 14 جنوری کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دورانِ سماعت ایف آئی اے نے بینکرز کے رول کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی۔آج ہونے والی سماعت میں حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔
ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کوئی بینکر بھی اس جرم میں ملوث نہیں پایا گیا، بینکنگ کورٹ کے جج نے سوال کیا کہ اگر یہ کیس کسی اور عدالت میں چلے گا تو درخواستِ ضمانت کا کیا ہوگا؟حمزہ اور شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس صورتِ حال میں ضمانت کی درخواستیں بھی دوسری عدالت میں منتقل ہو جائیں گی، اگر عدالت مناسب سمجھے تو کیسز سینٹرل جج کے پاس بھجوا دے۔
عدالت نے چالان کے بعد عدالتی دائرہ اختیار پر کچھ دیر کیلئے فیصلہ محفوظ کیا، بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بینکنگ کورٹ نے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا اعتراض منظور کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا چالان ایف آئی اے کو واپس کردیا، جب کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت بھی منظور کرلی گئی۔عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے جہاں چالان جمع کروائے، شہباز شریف اور حمزہ وہاں سے عبوری ضمانت کروالیں۔
(سماعت کے بعد بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ سر پکڑ کر بیٹھے ہیں کہ اس نااہلی، نالائقی کا کیا بندوبست کیا جائے، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، 2 روز قبل عمران نیازی نے کہا کہ مہنگائی ہے تو حکومت کیا کرے، عمران نیازی کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، عمران نیازی سے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے 2 لفظ نہیں بولے جاتے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں ان کے حواری سوال اٹھا رہے تھے، ان کے حواری بھی جان گئے عوام کے سامنے کس منہ سے جائیں گے، ہم پر منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات لگاتے تھے، ہم تو 4 سال سے پیشیاں بھگت رہے ہیں، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے عمران نیازی کو سرٹیفائیڈ چور قرار دیا، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے سب بے نقاب کر دیا، ایوان وزیراعلیٰ میں عثمان بزدار رشوت کے سودے خود کرتے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہونے جا رہا ہے، عمران نیازی ! اپنی آنکھوں کی پٹیاں کھولو،بنی گالاکی پہاڑی سےنیچےاترو، 22 کروڑعوام بنی گالا کے محل میں نہیں رہ سکتے۔حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ایوان میں دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر تبدیلی لے کر آئیں گے، ان کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلے گا۔