ن لیگ ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑ کرگئی،حماد اظہر

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ن لیگ ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑ کرگئی، ہم نے بہت سخت فیصلے کرکے دوست ممالک کی مدد سے معیشت کو ٹھیک کیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی ساڑھے تین گھنٹے اور بلاول بھٹو کی ڈیڑھ گھنٹہ تقریر سنی، لیکن یہ لوگ ہمارے بولنے پر کالے چوروں کی طرح ایوان سے بھاگ گئے، یہ ہمیشہ کالے چور کی طرح بھاگ جاتے ہیں۔ ن لیگ ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑ کرگئی، ہم نے بہت سخت فیصلے کرکے دوست ممالک کی مدد سے معیشت کو ٹھیک کیا، کرونا کے بعد ہم نے جس طرح معیشت اور ملک کو سنبھالا اس کی پوری دنیا تعریف کرتی ہے، ان کے مہنگے بجلی گھروں کے سودے ہم نے ٹھیک کیے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہم سر پلس میں لے کر گئے،اس وقت برآمدات کی گروتھ 25 سے 30 فیصد ہو رہی ہے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہم نے احساس کارڈ کے ذریعے 200 ارب روپے سے زائد رقم غریبوں میں تقسیم کی، ہم سندھ میں بھی صحت کارڈ لانا چاہتے تھے لیکن صوبائی حکومت نہیں مانی، فصلوں کی پیداوار ن لیگ کے دور سے دگنی ہوگئی ہے، 2021 میں ملک میں یوریا کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، یوریا کی قلت کی وجہ ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور استعمال میں اضافہ ہے، ہم سندھ پر یوریا کی اسمگلنگ کا الزام نہیں لگا رہے ذخیرہ اندوزی کا لگا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے جتنے ٹیکسوں کا ذکر کیا ان میں سے 90 فیصد ریفنڈ ہو جائیں گے، بلاول کو یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ ٹیکس ایڈجسٹ ایبل ہیں۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کل ہماری حکومت کو منحوس کہا، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے کسی لیڈر کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے نہیں آئے، ن لیگ کے دور کے آخری سال میں گردشی قرضہ ساڑھے چار سو ارب روپے تک پہنچ گیا تھا، ہم سالانہ گردشی قرضہ کم کرکے 130 ارب روپے پر لے آئے، 23 سو ارب روپے کے مجموعی گردشی قرضے کو بھی کم کرنے کی کوشش کر رے ہیں، ن لیگ کے دور میں بجلی گھروں کا سالانہ کرایہ ساڑھے چار سو ارب روپے تھا، اور آج ان کی پالیسیوں کی وجہ سے سالانہ کرایہ ساڑھے 8 سو ارب روپے ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے