وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری پر انکوائری کا حکم دے دیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری میں متعدد افراد کی اموات پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ مری اور گلیات میں شدید برفباری اور ٹریفک جام کے باعث سردی سے ٹھٹھر کر مرنے والے افراد کی تعداد 21 ہوچکی ہے، اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مری جانے والے سیاحوں کی المناک اموات پر افسردہ ہوں، غیرمعمولی برفباری اور بغیر موسم دیکھے عوام کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث ضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی، ایسے سانحات کی روک تھام کیلئے سخت قواعد و ضوابط قائم کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ مری میں شدید برفباری اور ٹریفک کے جام ہونے کے باعث سیاح شدید مشکلات سے دوچار ہیں، اور سردی کی شدت میں ٹھٹھر کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہوچکی ہے، جب کہ پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔