کراچی کے علاقے گارڈن میں کچرا کنڈی سے 20 دستی بم برآمد

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پولیس نے گارڈن میں کچرا کنڈی سے 20 دستی بم برآمد کرلیے۔ ان میں بارودی مواد موجود تھا جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ نے بموں کو ناکارہ بنا دیا۔گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ میں کچرا کنڈی سے 20 دستی بم ملے۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے بتایا کہ بم ایک شاپنگ بیگ میں ڈال کر انہیں گتے کے ڈبے میں پیک کیا گیا تھا لیکن گتے کا ڈبہ کھل گیا جس پر دستی بم نظر آئے۔

پولیس کے مطابق دستی بم کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بموں کو اپنی تحویل میں لے کر گارڈن تھانے منتقل کیا، فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر تمام بموں کو ناکارہ بنادیا۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ تمام بموں کے ڈیٹونیٹرز نکلے ہوئے تھے اور ان میں بارودی مواد موجود تھا۔

ایس ایچ او امداد خواجہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع کچرا چننے والے نے ایک قریبی موجود شہری کو دی تھی جس نے پولیس کو آگاہ کیا تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر بموں کو اپنی تحویل میں لیا، واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے مذکورہ کچرا کنڈی کے اطراف کا گھیراؤ کرلیا جبکہ سراغ رساں کتوں کے ذریعے بھی پورے علاقے کی سوئپنگ کی گئی، سوئپنگ کا مقصد اگر کوئی اور ایسی ممنوعہ اشیا موجود ہوں تو انہیں قبضے میں لیا جاسکے لیکن آپریشن کے دوران کوئی ایسی ممنوعہ اشیا نہیں ملیں۔

پولیس کے مطابق بم فیکٹری میڈ ہیں اور انہیں آر جے سکسٹی نائن کہا جاتا ہے، ہر بم میں کم و بیش پینسٹھ گرام بارودی مواد موجود تھا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 7/22 بجرم دفعہ 4/5 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ یاد رہے کہ آر جے سکسٹی نائن اس سے قبل بھی گزشتہ برس دو مقامات سے مل چکے ہیں جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے