سارے سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھی کریں تو بھی عمران خان کے برابر نہیں ہو سکتی،مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ کچی گولیوں کی سیاست نہیں کھیلتے، سارے سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھی کریں تو وہ اکیلے عمران خان کے برابر نہیں ہو سکتی۔
اسلام آباد میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہوگئی ہے، آج ثابت ہوگیا کہ عمران خان کا پورا ٹبر چور ہے اور پی ٹی آئی نے کتنے اکاونٹ چھپائے ہیں سب کو معلوم ہوگیا۔سربراہ جے یو آئی (ف) نے چاروں صوبوں میں آئین کے تحت فیصلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی آئین کے مطابق ہونی چاہیے۔مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ جے یو آئی (ف) اپنی محنت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہوئی ہے اور مصطفیٰ کمال سے سندھ کے بلدیاتی نظام پر گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر پی ٹی آئی نے متعارف کرایا ہے، کسی کے عیبوں کا نہ اچھالا جائے عیبوں پر پردہ پوشی ہونی چاہیے اور نجی گفتگو کو ریکارڈ نہیں کرنا چاہیے۔علاوہ ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کسی کی ایما پر نہیں بلکہ آئین پر چلنا چاہیے، جمہوری پارٹیوں کے وزرا، اعلی وفاق سے وسائل لیکر نیچے نہیں دے رہے جس کی وجہ سےملک میں اس وجہ سے محرومی پیدا ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک ماہ میں پانچ پانچ نوجوان خودکشی کر رہے ہیں۔