کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بارشوں اورپہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ضلع کیچ اور گوادر میں موسلادھار طوفانی بارشوں سے سینکڑوں مکانات متاثر گوادر اور ضلع کیچ کے مختلف علاقے زیر آب آگئے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کا آغاز کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا اس دوران پسنی میں 137، گوادرمیں 104، اورماڑہ میں 74، تربت میں 44، جیوانی میں 40، خضدار میں 19، کوئٹہ (سمنگلی 13، سٹی 07)، پنجگور میں 11، لسبیلہ میں 08، قلات میں 06، دالبندین میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی شدید بارشوں کی وجہ سے ضلع کیچ اور گوادر کے مختلف علاقے زیر آب آگئے، کمشنر مکران ڈویژن شبیر احمد مینگل،ڈپٹی کمشنر کیچ، ڈپٹی کمشنر گوادر نے بتایا کہ کیچ میں تمپ کے مقام پر نیہاگ پل، زامران میں رابطہ سڑکیں، تحصیل بلنگور میں دریائے گورگی میں طغیانی کے باعث دل سر، بلکراس، کشپ کے علاقے زیر آب آگئے اسی طرح گوادر، پسنی، اورماڑہ میں بھی شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آگئے گوادر کا علاقہ ملا بند وارڈ بارش سے شدید متاثر ہوا ہے،ملا بند وارڈ میں بارش کا پانی داخل ہونے سے علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں،موسلادھار بارش کے بعد برساتی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے سے مکینوں کوشدیدپریشانی اورمشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ علاقہ مکینوں کے گھروں کا سامان اور قیمتی اشیا برساتی پانی میں ڈوب گئیں،شہریوں کا کہنا تھا کہ بارش کی وارننگ ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے بروقت انتظامات نہیں کئے،ڈپٹی کمشنر گوادر جمیل احمد نے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کیا اور پانی کی نکاسی کے عمل کاجائزہ لیا،دوسری جانب حب سے گوادر اور مکران جانے والی گاڑیا ں بزی ٹاپ کے قریب پل ٹوٹنے کی وجہ سے پھنس گئیں، پسنی میں ماکولا ڈیم بارشوں کے بعد بھرنے کے بعد ڈیم کے اسپل وے کھول دئیے گئے، شدید بارشوں کے بعد پاک فوج، ایف سی، پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ، پاک نیوی، پاکستان کوسٹ گارڈ،لیویز فورس اور مقامی فلاحی تنظیموں نے ریسکیو کا کا م شروع کردیا، حکومت بلوچستان کے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی شروع کردی جبکہ خوردنی اشیاء سمیت ریلیف کا سامان بھی ارسال کردیاگیا جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مشینری بھی پہنچا دی گئی گوادر اور کیچ کے علاقوں میں رات گئے تک بارش کا پانی نکالنے کا سلسلہ جاری رہا۔ادھر محکمہ موسمیات نے آج بدھ کے روز کوئٹہ، ژوب، سبی،کوہلو،بارکھان، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، دالبندین، چاغی، تربت، نوشکی، گوادر، پنجگور، نوکنڈی، خاران، کیچ، آواران، قلات، خضدار، ہرنائی،گوادر، مکران اور لسبیلہ میں تیزہواؤں،گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔