پی ڈی ایم عوام کو نجات دلانے کیلئے میدان میں نکلی ہے،حاجی علی مدد جتک
کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شریف خان خلجی،صوبائی کونسل کے ممبر میر ریاض شاہوانی،کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،میڈیا سیل کے انچارج حیات خان اچکزئی،سعید آغا اور ملک ذیشان نے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے جلسوں میں تین صوبوں کے عوام نے موجودہ حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا پشاور کے جلسہ کے بعد پورے ملک کے عوام کا موجودہ حکومت پر عدم اعتماد ہو جائے گا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے جلسوں میں لاکھوں عوام کی شرکت موجودہ نا اہل اورسلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم کی حیثیت رکھتی ہے قبل اس کے عوام کا ریلا اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہوسلیکٹڈ عمران خان نیازی کو خود اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے،کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں بھر پورشرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہو ں نے کہا کہ نااہل اورسلیکٹڈ وزیراعظم کہتے تھے کہ اگر میرے خلاف پانچ سو لوگ بھی نکل آئے تو میں استعفیٰ دیدوں گا لیکن اب انکے خلاف لاکھوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پرنکل کر احتجاج کررہے ہیں انہیں اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی،بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ملک میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آٹے اورچینی کا بحران پیدا کرکے عمران نیازی کے اردگرد بیٹھے افرادکو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اقتدارکیلئے نہیں بلکہ نااہل حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کیلئے میدان عمل میں نکلی ہے اورانشاء اللہ عوام کو سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات دلاکر ہی دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں حکومت اور اسکے کرایے کے ترجمانوں کی جانب سے خوف و ہراس پھیلانے کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عوام نے پی ڈی ایم کے جلسہ میں شرکت کرکے اسے کامیابی سے ہمکنارکیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کسی سے ذاتی عناد ہے اور نہ ہی کسی ادارے سے تصادم کی پالیسی پر عمل پیرا ہے بلکہ پی ڈی ایم مہنگائی سے ستائے ہوئے عوام کو موجودہ نا اہل اورسلیکٹڈحکومت سے نجات دلانے کی جدو جہد کررہی ہے۔