ٹریفک پولیس ودیگر حکام ٹریفک قوانین پرسختی سے عملدرآمد کویقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ کے ائیرپورٹ روڈ پر گزشتہ روز ٹریفک حادثے کے دوران تین نوجوان لڑکوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر سخت افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کے اصولوں پر عملدرآمد نہ کرنے، ٹریفک عملے کا ون وے کی شاہراہوں پر سختی نہ کرنے کے باعث ایئرپورٹ روڈ سمیت کوئٹہ کے مختلف شاہراہوں پر آئے روز ٹریفک کے بدترین حادثات رونماء ہورہے ہیں جن میں ایک جانب شہری لقمہ اجل بن رہے ہیں اور دوسری جانب شدید اذیت وپریشانی میں مبتلا ہورہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں لاکھوں کی آبادی اور ٹریفک ہجوم کے باعث ہر شہری کم فاصلے کو بھی طویل وقت میں طے کرتا ہے اور ٹریفک کے بتائے گئے اصولوں پر عملدر آمد نہ کرنے اور شارٹ کٹ کی خاطر ون وے پر بھی تیز رفتاری کے ساتھ ڈرائیونگ کررہے ہوتے ہیں، ایئرپورٹ روڈجس پر دن رات ہر قسم کی ٹریفک جاری رہتی ہے اور یہ شاہراہ بین الصوبائی وبین الاقوامی شاہراہ ہے اس پر ٹریفک قوانین کی پابندی ناگزیر ہے جبکہ ایئرپورٹ روڈ سمیت صوبے بالخصوص کوئٹہ شہر کے تمام شاہراہوں مشرقی، مغربی بائی پاس، سمنگلی روڈ،سریاب روڈ اور تمام شاہراہوں پر چھوٹی بڑی گاڑیوں، کوچز، ٹرکوں، ٹریکٹرز، واٹر ٹینکرز، رکشوں، موٹرسائیکلوں کی ڈرائیونگ بے ترتیب جاری ہیں اور اکثر کم عمر، غیر لائسنس یافتہ افراد افراد ڈرائیونگ کررہے ہوتے ہیں جو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو تباہ کردیتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ٹریفک پولیس ودیگر حکام ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں اور عوام بھی ان ٹریفک کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ ان کے بے احتیاطی، لاقانونیت،لاپرواہی کے باعث آئندہ اس قسم کے خطرناک واقعات رونماء نہ ہوسکیں۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت ٹریفک مینجمنٹ انجینئرنگ بیورو کا قیام عمل میں لایاجائے تاکہ تمام تر ٹریفک کی روانی کیلئے باقاعدہ تمام شاہراہوں پر سروے کیا جائے۔ بیا ن میں نواں کلی کے رہائشی نعمت اللہ، محمد حلیم اور دوست محمد کے خاندانوں سے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کی مغفرت اور خاندانو ں کو صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے