قائداعظم کا یوم پیدائش پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
کراچی: بابائے قوم کے یوم ولادت کے موقع پر بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پی ایم اے کے کیڈٹس نے مزار قائد پر سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔
بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل عمر احمد بخاری نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مزار قائد پر پھول چڑھائے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، قائداعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیرمعمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا، قائداعظم کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں ان کے بتائے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں تین بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبرکو منعقد ہوتی ہے۔