صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے. بدقسمتی سے صوبہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں نئے مواقعوں اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث لوگ تجارت، تعلیم اور علاج معالجہ وغیرہ کی غرض سے کوئٹہ کا رخ کر رہے ہیں جسکی وجہ سے خاص کر کوئٹہ میں رہائش، پارکنگ، صاف پینے کا پانی اور زرخیزی کی کمی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ کوئٹہ میں رہائش اور پارکنگ کے مسئلوں پر قابو پانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے. اس حوالے سے ڈیفینس ہاوسنگ اتھارٹی کی بنائی گئی ہاؤسنگ سکیم اور شاپنگ سینٹرز مددگار ثابت ہو سکتے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاوس میں ڈیفینس ہاوسنگ اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈئیر اختر سبحان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی آبادی، شہر میں تجاوزات کی بھرمار، سڑکوں کی تنگی اور بالخصوص طویل المدت منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں. گورنر بلوچستان نے واضح کر دیا کہ سردست کوئٹہ میں عوام کو درپیش ان پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ فیصلوں کی اشد ضرورت ہے.۔