لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیاری خدمات کی فراہمی بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے سے ہی ممکن ہے، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت سوموار کوسیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات، بہترین طرز حکمرانی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات حافظ عبدالباسط، ایس ایم بی آر محمد اکبر حریفال، چیئرمین سی ایم آئی ٹی ارشد حسین بگٹی سمیت تمام سیکرٹریز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیاری خدمات کی فراہمی بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے سے ہی ممکن ہے جس کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حکومت ایک مربوط حکمت عملی کے تحت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔صوبائی حکومت کے ان اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہر محکمے کو اپنا بھرپورکردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطے کمزور ہیں اور عوام کا سرکاری ملازمین اور اداروں پر اعتماد بھی کم ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹریز اور دیگر ماتحت افسران اور ملازمین احسن طریقے سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دے اور عوام کو باور کرائے کہ ادارے ان کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے کام کررے ہیں، انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے دفاتر عوام کیلئے کھلے رکھیں تاکہ عوام بغیر کسی روک ٹوک کے اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کر سکے اور اپنے کام کروا سکیں اور عوام کا سرکاری اداروں اور ملازمین پر سہولیات کی فراہمی بارے اعتماد بحال ہو۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ اجلاس بلانے کا مقصد شہریوں کی سرکاری آفیسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل و شکایات معلوم کرکے ان کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ افیسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اور قانون کی روشنی و میرٹ پر ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور درخواست گزاروں کے ساتھ اچھے رویے سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں اور عوامی مسائل میں دلچسپی لیتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز عوام کی فلاح وبہبود کے لیے دن رات کام کریں کیونکہ آفیسران صوبے کی ترقی اور عوام کی خدمت کیلیے ہی بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹریز کو اپنیمحکموں کی کارگردگی کو عوامی توقعات کے مطابق مزید بہتر بنانے کیلئے معمول کی ذمہ داریوں سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے