گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کوئٹہ کے 2 امتحانی ہالز،پارکنگ،کمپیوٹر لیب اور 2گیٹ ایف آئی اے نے سیل کردیئے ہیں، پرنسپل ڈاکٹرنصیرعلی شاہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کوئٹہ کے 2امتحانی ہالز،پارکنگ،کمپیوٹر لیب،لائبریری اور 2گیٹ ایف آئی اے نے سیل کردیئے ہیں امتحانی ہالز سیل ہونے سے سکول میں جاری امتحانات متاثر ہونے کا خدشہ،گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کوئٹہ کے پرنسپل ڈاکٹر نصیرعلی شاہ کے مطابق جمعرات کو فاطمہ جناح روڈ پر واقع گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کوئٹہ کے 2امتحانی ہالز، پارکنگ،کمپیوٹر لیبر،لائبریری، ریکارڈ روم اور 2گیٹ ایف آئی اے نے بغیر کسی نوٹس دیئے سیل کردیئے ہیں امتحانی ہالز سیل ہونے سے سکول میں جاری امتحانات متاثرہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ نمبر118جو 21ہزار فٹ پرمشتمل ہے یہ گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کی ملکیت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی طر ف سے اسکول کے مختلف حصوں کو سیل کرناسمجھ سے بالاتر ہے انہوں نے کہا کہ سکول کے ساتھ واقع مندر کو عدالت عالیہ نے سیل کرنے کا حکم دیا ہے جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن ایف آئی اے نے سکول کے مختلف حصوں کوسیل کردیا ہے۔انہوں نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ بلوچستان،چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سے اپیل کی کہ وہ اسکول کے مختلف حصوں کو سیل کرنے کا نوٹس لیں۔دوسری جانب ایف آئی اے حکام نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پرایف آئی اے نے ایوکیوی ٹرسٹ پراپرٹی کی ملکیت اراضی پرقائم عمارتوں کو سیل کیا ہے ایف آئی اے نے اسکو ل کے حکام کو 7سے8روز قبل کارروائی سے متعلق آگاہ کردیاتھا اورانہیں مہلت دی تھی کہ وہ اپنا سامان نکال لیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے کارروائی ازخود نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کی ہے جس کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائیں گے اسکول انتظامیہ ایوکیوی ٹرسٹ سے اس حوالے سے رابطہ کرسکتی ہے تاہم اس میں ایف آئی اے کا کوئی کردار نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے