سابقہ حکومتوں کی تختیوں پر تختیاں لگانے والوں کی آنکھوں میں شرم کا پانی خشک ہوچکا ہے، مولانا عبد الرحمن رفیق
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑمولانا قاری مہر اللہ شیخ مولانا احمد جان مفتی غلام نبی محمدی مفتی عبد السلام ریئسانی مولانا محمد اشرف جان مفتی عبد الغفور مدنی حاجی محمد شاہ لالا حافظ سراج الدین حاجی ولی محمدبڑیچ میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ حافظ شبیر احمد مدنی مولانا محمد عارف شمشیر حاجی ظفر اللہ خان کاکڑ مفتی رحمت اللہ میر فاروق لانگو چوہدری محمد عاطف مفتی نیک محمد فاروقی حافظ خلیل احمد سارنگزئی مفتی محمد ابوبکر ملک نصیر احمد ایڈووکیٹ ملک عبداللہ خان ناصر حاجی عبداللہ سلیمان خیل اور دیگر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی تختیوں پر تختیاں لگانے والوں کی آنکھوں میں شرم کا پانی خشک ہوچکا ہے،مہنگائی کی عفریت نے عوام کی کھال اتاردی ہے، وزراء کی اوٹ پٹانگ باتوں پر عوام کان نہیں دھرتے، آئندہ الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو عوامی انقلاب کا راستہ روکنے والا کوئی نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ تمام تر ناکامیوں کے باوجود ٹی وی سکرین پر بیٹھ کر وزراء عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں،جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا کہ جن کو ساڑھے تین سال گالیاں دی گئیں آج انہیں کے منصوبوں کے افتتاح کرکے اس جھوٹ کو چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جس کے ذریعے عوام کو امیدوں کی آس پر بٹھایا گیا تھا۔ بجلی گیس اشیاء خوردونوش کی قیمتیں ان سے کنٹرول نہیں ہورہیں، اب دوسروں کے بل بوتے پر بقیہ دورانیہ پورا کرنے کیلئے ووٹنگ مشین کی آڑ میں دوبارہ مسلط ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری نظام کے خاتمے اور حقیقت پر مبنی صاف اور شفاف جمہوری نظام کو لانے کے لیے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی بابصیرت قیادت میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں 23مارچ کو اسلام آباد لانگ مہنگائی مارچ میں ظالم حکمرانوں کا دھڑن تختہ کرکے خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا اعلان کریں گی۔