قلات تاریخی اورجغرافیائی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، سید ظہورآغا
قلات(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ قلات تاریخی اور جغرافیائی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے تاریخی قلات شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے، سوئی گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلات کے دو روزہ دورے پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا. کمشنر قلات ڈویژن داود خلجی، ڈپٹی کمشنر قلات سلطان احمد بگٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات سید مقصود احمد شاہ اور ڈی پی او قلات عبدالرؤف بڑیچ نے گورنر بلوچستان کا استقبال کیا. گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا دورہ قلات کے پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہال قلات پہنچ گئے جہاں بلوچستان کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی. ڈپٹی کمشنر قلات روزمرہ کے مسائل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق گورنر بلوچستان کو آگاہ کیا قبائلی رہنماء سردار غلام حسین عمرانی، سردار شکیل احمد دہوار، ملک عبد الناصر دہوار، ملک محمد ہاشم، ہندو پنچایت قلات کے ڈاکٹر دیوان ہری چند نانک چند اور بڑی تعداد میں قلات کے قبائلی عمائدین نے قلات آمد پر گورنر بلوچستان کو خوش آمدید کہا. قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے دورہ کا مقصد زمینی حقائق اور عوامی مشکلات سے آگاہی حاصل کرنا ہے. موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عام آدمی کی مشکلات دور کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں. انہوں نے کہا کہ برائے راست مذاکرات میں عوام کی مشکلات اُجاگر اور انھیں متعلقہ حکام تک پہنچانے میں اور حل کرنے میں مدد ملے گی. گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے ان کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم غریب عوام کی فلاح پر یقین رکھتے ہیں. انہوں نے کہا کہ قلات کے نوجوانوں کو ہائیر ایجوکیشن کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے. کرپشن کے خاتمے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو آگے آنا ہوگا۔ اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وژن انصاف کی فراہمی اور بدعنوانی سیقوم کو نجات دلانا ہے۔ رکن قومی اسمبلی منورہ بلوچ، صوبائی محتسب بلوچستان نذر بلوچ، چیرمین ریڈ کریسنٹ بلوچستان عبدالباری بڑیچ اور بلوچستان ایجوکیشن فاونڈیشن کے ایم ڈی پروفیسر شیر زمان گورنر بلوچستان کے ہمراہ تھے