چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے انور ساجدی کی قیادت میں بلوچستان کے مختلف اخباروں کے سنیئر ایڈیٹرز کی ملاقات

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے انور ساجدی کی قیادت میں بلوچستان کے مختلف اخباروں کے سنیئر ایڈیٹرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایڈیٹرز نے چیف سیکرٹری کو اخبارات کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اورنگ زیب کاسی، خلیل الرحمن، رضاء الرحمن، انور ناصر و دیگر موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی صحیح سمت میں رہنمائی میں میڈیا اور صحافیوں کا بڑا کردار ہے،صحافی حقائق پر مبنی اور مثبت رپورٹنگ کو مزید فروغ دیں، ہم میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مثبت تنقید کے ساتھ ساتھ عوامی مفاد میں اْٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو بھی اْجاگر کرنے میں کردار ادا کرے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعلقات عامہ حکومت کا اہم ترین محکمہ ہے جو حکومتی کارکردگی کو پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام الناس تک پہنچاتا ہے۔ حکومتی اقدامات اور کارکردگی کو اجاگر کرنے اور عوام کا حکومت کے بارے میں رائے عامہ قائم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ محکمہ تعلقات عامہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ حکومتی تشہیر بہتر طریقہ سے ہو سکے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اْٹھارہی ہے اور صحافیوں کے مسائل بھی ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کو اشتہارات کے فنڈز کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور سیکرٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ اخبارات کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کی پالیسی بنائی جائے اور ای پیپرز کو بھی اشتہارات دینے کی پالیسی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے ایڈیٹرز کو تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے