بلوچستان میں جاری بڑے منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، سینیٹر ثمینہ زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ عوام کے بنیادی مسائل کا حل اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تکلیف ہماری اپنی تکلیف ہے عوام نے جس طرح بی اے پی کے نمائندوں پر اعتماد کیا ہے ا س پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش جاری ہے اور وزیراعلیٰ قدو س بزنجو کی قیادت میں عوامی مسائل حل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری کا مسئلہ زیادہ ہے اور عوام کو با عزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس کے لئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جمہوری طریقے سے جو مثبت تبدیلی آئی ہے اس کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ عوامی حمایت کا جو قرض بی اے پی کے نمائندوں اور اتحادیوں پر ہے عوام کے دیرینہ مسائل حل کر کے ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا حق ہے کہ انہیں بنیادی سہولیات اور روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں اور اس کے لئے تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں ان وسائل کو ضائع کیا گیا اور ان سے استفادہ حاصل نہیں کیا جاسکا ان وسائل کو بہتر طور پر استعمال کر کے بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کر کے انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات، روزگار، تعلیم، صحت جیسے شعبوں میں درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلایا جاسکتا تھااس کے برعکس ان وسائل پر موجودہ حکومت نے بھرپور توجہ دی ہے اوردستیاب وسائل سے استفادہ حاصل کیا جارہا ہے موجودہ حکومت عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا کر لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔بلوچستان میں تبدیلی کا بنیادی مقصد بلوچستان کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کے لئے سازگار ماحول کو پروان چڑھانا ہے اوروزیراعلیٰ قدوس بزنجو کی حکومت عوام اور حکومت کے درمیان ہم آہنگی کا ماحول پیدا کر نے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے حکومتی دروازے کھلے ہوئے ہیں اور عوام کی خدمت ہماری سیاست کا پہلا اصول ہے۔سی پیک اور گوادر منصوبے کامیابی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جو جلد مکمل ہو جائیں گے اور اس خطے کی تقدیر بدل جائے گی بلوچستان میں جاری بڑے منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں