صاحب حیثیت اور تاجر برادری ملک کے غریب اور نادار لوگوں کی بھرپور مدد کریں، قاسم خان سوری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ صاحب حیثیت اور تاجر برادری ملک کے غریب اور نادار لوگوں کی بھرپور مدد کریں موجودہ حکومت ملک کے غریب اور ضرورت مندوں کی بھرپور مدد کررہی ہے جس کا واضح ثبوت احساس پروگرام ہے اس کے علاوہ بھی ملک کے ضرورت مندوں اور غریبوں کو مختلف مدوں میں سبسیڈی دی جارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ ضلعی زکواۃ و عشر کے دفتر میں چین کے ایمبسی کی طرف سے فراہم کردہ امدادی خورد و نوش کی اشیاء غریب اور نادار لوگوں میں تقسیم کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی صورت حال کو بھانبتے ہوئے موجودہ حکومت نے کورونا جیسے موذی مرض سے بچاؤ کے لئے ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تاکہ ہمارے ملک کے غریب طبقہ زیادہ متاثر نہ ہو جس پر کافی تنقید کیا گیا۔ جبکہ ترقی یافتہ ملکوں میں سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ بے حد متاثر ہوئے جس کی وجہ سے وہاں کے لوگ شاپنگ مال اور اشیاء خورد و نوش کی دکانوں کو لوٹنے پر مجبور ہوئے جبکہ ہمارے ملک میں جذبہ ایثار اور اسلامی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے صاحب ثروت لوگوں نے اپنے ملک کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کی بھرپور مدد کی اور الحمداللہ ہم انہی کاوشوں کی وجہ سے اس ناگہانی آفت سے نکل جانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کورونا کے نئے قسم سے بچنے کے حوالے سے کہا کہ ہمیں ویکسینیشن پر عمل کرنا چاہئے جن لوگوں نے کورونا ویکسین نہیں لی ہے وہ جلد ہی ویکسین لگوائے خصوصاً بزرگ حضرات اپنے ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دیں۔ قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے چین کے ایمبسی کی طرف سے فراہم کردہ امدادی خورد و نوش کی اشیاء ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کی۔ اس موقع پر چیئرمین ضلعی زکواۃ و عشر کمیٹی کوئٹہ اور دیگر افسران موجود تھے۔