بلوچستان اسمبلی اجلاس اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کو سرکاری ٹی وی پر دیکھنے کے حوالے سے قرارداد منظور
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی نے اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کو سرکاری ٹی وی پر دیکھنے کے حوالے سے قرارداد منظور کر لی محکمہ صحت اور محکمہ خوراک کے سوالات اور محکمہ بلدیات کے حوالے پوچھا گیا توجہ دلاو نوٹس متعلقہ وزرا کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کردیا گیا،منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی بولان کے ذریعے بلوچستان کی قومی زبانوں میں مختلف پروگرامز ترتیب سے نشر کئے جاتے ہیں جن میں بدقسمتی سے بلوچستان میں آباد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اقلیتیں جو صدیوں سے بلوچستان میں آباد ہیں کے مذہبی تہواروں کو کبھی نشر نہیں کیا جاتا۔ جس کی وجہ سے صوبے میں آباد اقلیتیں احساس محرومی کا شکار ہیں لہٰذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت اور وزارت اطلاعات و نشریات سے رجوع کرے کہ بلوچستان میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی پروگرامز جن میں مسیحی کرسمس، ہندو برادری کی دیوالی، سکھوں کی بیساکھی اور پارسی کمیونٹی کے مذہبی تہواروں کو ایک گھنٹے کے لئے پی ٹی وی بولان پر لائیو نشر کیا جائے تاکہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے۔ اپنی قرار داد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے خلیل جارج نے کہا کہ یہاں آباد اقلیتیں قیام پاکستان سے پہلے بھی یہاں موجود تھیں۔ قیام پاکستان کے بعد اقلیتیں برادری کے پاس ہندوستان جانے یا پاکستان میں رہنے کے آپشنز تھے مگر ہمیں فخر ہے کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان میں رہنے کا درست فیصلہ کیاپنجاب کے پاکستان میں شامل ہونے میں بھی اقلیتی ارکان اسمبلی کے ووٹوں نے کردار اد اکیا۔ ملک کے قیام کے بعد بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی کابینہ میں بھی اقلیتوں کی بھرپور نمائندگی تھی۔ پی ٹی وی بولان پر مذہبی اقلیتوں کے قومی تہواروں پر پروگرام پیش کئے جانے سے نہ صرف ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مثبت پیغام جائے گا انہوں نے کہا کہ ہم سال بھر میں اقلیتوں کے لئے صرف چھ گھنٹے کے پروگرام پیش کرنے کی بات کرتے ہیں انہوں نے استدعا کی کہ قرار داد منظور کی جائے جے یوآئی کے مکھی شام لعل لاسی نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا جینا مرنا اس سرزمین سے ہے بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں تمام اقلیتوں کو بھرپور مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ اپنے تمام تہوار جوش و خروش سے مناتی ہیں پی ٹی وی بولان پر اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر خصوصی پروگرام نشر ہونے سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرئے نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان تمام مذہبی اقلیتوں کو اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی سمیت تمام مذہبی حقوق کی آزادی دیتا ہے مگر افسوس ہمارے ہاں ایسا نہیں ہورہا ہمارے ملک کے جھنڈے کا سفید رنگ مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ اقلیتیں ملک بننے سے قبل یہاں آباد ہیں مگر یہ بھی دیکھا جائے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں کتنے لوگ یہاں سے چلے گئے ہیں۔ مذہبی اقلیتوں کے لئے سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد مختص کوٹہ پر بھی عملدرآمد نہیں ہورہا انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی وی بولان پر اقلیتوں کے مذہبی تہواروں سمیت یہاں آباد تمام اقوام کی زبانوں کو نمائندگی دی جائے۔ بی این پی کے ٹائٹس جانسن نے کہا کہ بلوچستان میں آباد اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے انہیں یہاں کوئی پریشانی نہیں ہے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے بھی زور دیا کہ پی ٹی وی بولان پر مذہبی اقلیتوں کے پروگراموں کو نشر کیا جائے بعدازاں ایوان نے قرار داد متفقہ طو رپر منظور کرلی۔