کوئٹہ،اشتعال انگیز تقاریرپرمنظورپشین عوامی نیشنل پارٹی کے اصغراچکزئی دیگرسیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں جلسہ، اشتعال انگیز تقاریر اور بغیر اجازت داخلے، لاؤ اسپیکر، امن عامہ ایکٹ، کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشین، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغر خا ن اچکزئی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں پشتون تحفظ موومنٹ کے زیر اہتمام جلسے کا انعقاد کیاگیا جس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے میں داخلے پر پابندی کے باوجود شرکت اور تقریر کی جس پر پولیس نے تھانہ سول لائن میں منظور پشتین کے خلاف ایف آئی نمبر 217/21درج کر لی ہے جس میں بلوچستان قیام امن عامہ آرڈیننس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ منظور پشتین پر بلوچستان کی حدود میں داخلے پر پابندی عائد ہے تاہم پی ٹی ایم کے صوبائی صدر نور باچا کی معاونت سے وہ جلسہ گاہ پہنچے اور وہاں اشتعال انگیز تقاریر کیں جو کہ قیام امن عامہ آرڈیننس 1960کی خلاف ورزی ہے جبکہ تھانہ سول لائن میں درج کی گئی ایف آئی آر نمبر 216/21میں پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منظور پشتین، نور باچا، مجید کاکڑ، خوشحال خان کاکڑ،ملا بہرام، زبیر شاہ، رشید ناصر، نور اللہ ترین، عمر خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء اصغر کاچکزئی نے اسٹیج پر اشتعال انگیز تقاریر کیں جلسہ بغیر این او سی کے کیا گیا جس میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی اور شرکاء نے ٹریفک کو متاثر کیا ساتھ ہی مملکت پاکستان کے سیکورٹی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کر کے شرکاء کو اشتعال دلایا جبکہ بعض شر پسند شرکاء کے ہاتھوں میں افغانستا ن کے جھنڈے بھی موجود تھے ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 121،123A،153A،269، 270،278،341، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں