کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوانوں کو صحت مند معاشرہ فراہم کرینگے، عبدالخالق ہزارہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے 8ویں نیشنل آرچری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جنرل(ر)عارف حسن، چیئرمین بلوچستان آرچری ایسوسی ایشن پرنس احمد علی و دیگر عہدیداران بھی انکے ہمراہ تھے۔ افتتاحی تقریب سے عبدالخالق ہزارہ نے بلوچستان آمد پر دیگر صوبوں اور محکموں کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آرچری چیمپئن شپ کا انعقاد نہایت ہی خوش آئند ہے اس سے پہلے بھی یہاں بین الصوبائی آرچری چیمپئن کا انعقاد ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل صحتمند زندگی کے حصول کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ کھیل ہماری جسمانی اور ذہنی نشونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کھیل صرف تفریح کا ہی ذریعہ نہیں بلکہ جسم کو چاق و چوبند بنانے کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کھیلوں کی طرح آرچری سمیت روایتی اور ثقافتی کھیلوں کو بھرپور فروغ دینگے صوبائی حکومت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے ہمیشہ سے تعاون کرتی چلی آ رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں انتہا پسندی شدت پسندی منفی سوچ و نفرتوں کا خاتمہ کھیل و مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کر کے نوجوانوں کو صحتمند معاشرہ فراہم کرینگے۔ کھیل، ثقافت و سیاحت کو فروغ دیکر یہ پیغام دینگے کہ ہم ترقی، خوشحالی اور روشن فکری کی جانب گامزن ہو رہے ہیں۔ نوجوانوں کو مستقبل میں کامیاب ہونے کیلئے متوازن شخصیت کا مالک ہونا چاہیے اور اس کیلئے انکا پڑھنے لکھنے کیساتھ ساتھ کھیل اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا نہایت ضروری ہے۔ چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں کے علاہ آرمی اور واپڈا کی ٹیمیں بھی شامل ہے۔