میٹرو پولیٹن کا دو روز کا الٹی میٹم، پیر کے روز سے دفاتر کی مکمل تالہ بندی کا اعلان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) میٹروپولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد کے رہنماوں نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 2روز کے اندراندر ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں تو پیر(29نومبر)کو دفاتر کی مکمل تالہ بندی اور کوئٹہ شہر میں صفائی کا کام روک دیا جائے گا۔ یہ بات میٹروپولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد کے صدر حضرت خان، چیئرمین ندیم کھوکھر،حاجی منظور،جنرل سیکرٹری نصیب اللہ،،ڈپٹی جنرل سیکرٹری بشیراحمد،عبدالرشید اوردیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے قبل میٹروپولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحادکے سبزہ زار سے صدر حضرت خان اوردیگرقائدین کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکال گئی جو انسکمب روڈ، عدالت روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف میٹروپولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحادکا احتجاج آج چوتھے روز میں داخل ہوچکا ہے لیکن سیکرٹری فنانس اور میٹروپولیٹن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے اور آج 25نومبرتک ملازمین کو تنخواہیں اورپنشن ادانہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ملازمین اورانکے اہل خانہ فاقوں پرمجبور ہوچکے ہیں اورملازمین مالی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اورسیکرٹری فنانس اپنی ایل سی جی سی کمیٹی کا اجلاس بلانے میں ناکام ہوچکے ہیں اور غریبوں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچا کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد مطالبہ کرتی ہے کہ ایل سی جی سی کمیٹی کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ اس کمیٹی نے اداروں کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹں کارپوریشن کے ملازمین تنخؤاہوں کی ادائیگی کیلئے چارروز سے احتجاج کررہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے اگردو روز کے اندراندر ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی نہیں کی گئی تو پیر سے دفاتر کی تالہ بندی سمیت شہرکی صفائی کے کام کو روک دیا جائے گااور سخت احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام ترذمہ داری سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پرعائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تنخواہوں اورپنشن کی فوری ادائیگی کے احکامات جاری کریں۔