دو روزہ دورہ لورالائی اور قلعہ سیف اللہ کا مقصد صوبہ کے دور دراز علاقوں کے زمینی حقائق اور عوامی مشکلات سے آگاہی حاصل کرنا ہے،سید ظہور احمد آغا

لورالائی (گرین گوادر نیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ دو روزہ دورہ لورالائی اور قلعہ سیف اللہ کا مقصد صوبہ کے دور دراز علاقوں کے زمینی حقائق اور عوامی مشکلات سے آگاہی حاصل کرنا ہے ان قسم کے اچانک دوروں سے حقائق معلوم کرنے اور محکموں کو بیدار کرنے میں مدد ملتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی کے دو روزہ دورے کے دوران جمعرات کی رات کلی منزکئی میں سیاسی کارکنوں اور قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر کلی منزکئی کے مکینوں نے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کو اپنے درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا. عمائدین کا کہنا تھا کہ حکومت سپیرہ راغہ روڈ کی تعمیر کے احکامات جلد از جلد صادر کرنے کی اشد ضرورت ہے جس سے کوئٹہ ٹو لورالائی آنے جانے کیلئے فاصلے اور وقت میں بہت کمی واقع ہوگی. گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل اور مطالبات کو غور سے سنا اور ان کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت غریب عوام کی فلاح پر یقین رکھتی ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ تمام درپیش مسائل ومشکلات کو متعلقہ اداروں تک پہنچائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے