جے یوآئی اوراپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کسی بھی جبری قانون کو تسلیم نہیں کرے گا، مولانا فضل الرحمن

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا یے کہ 25 جولائی 2018ء ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، 17 نومبر کو بھی اسی تاریخ کو دہرایا گیا، جے یو آئی اور اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کسی بھی جبری قانون کو تسلیم نہیں کرے گا۔

کوئٹہ کے ہاکی چوک پر جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام علماء کنونشن کا انعقاد کیا گیا ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جعلی اسمبلی اور جعلی اکثریت ہمیں انتخابی اصلاحات دے رہے ہیں ۔ جس جبر سے بل پاس کرائے جارہے ہیں ہم ان ترامیم کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے منہ سے ریاست مدینہ کی بات ہی ریاست مدینہ کی توہین ہے۔ ہمیں پی ڈی ایم کے ذریعے اب دوبارہ اس نظام کی تبدیلی کے لئے سوچنا ہو گا۔ آج دنیا بھر میں تبدیلیاں آرہی ہیں اور پاکستان ان تبدیلیوں کی زد میں ہے 200 سال پہلے عالمی معیشت پر برتری ایشیا کی تھی لیکن آج ہماری ناکامیوں کے بعد یورپ ہماری دولت اور اثاثوں ہر قابض ہو گیا۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد دنیا میں ایک نئی تحریک پیدا ہوئی ۔ پوری دنیا کی سیاست ایک امریکہ کے گرد گھوم رہی تھی۔ آنے والے مستقبل میں چین معاشی میدان میں دنیا کی قیادت کر رہا ہو گا اب ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے