یہ واحد ملک ہے جہاں صدرسے لیکر عام شہری تک گھروں میں بیٹھ کر تنخواہ وصول کرتے ہیں ، لالا یوسف

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیا بھر سے زیادہ لوگ ”بے روزگاری الاونس“لے رہے ہیں یہ واحد ملک ہے جہاں صدرسے لیکر عام شہری تک گھروں میں بیٹھ کر تنخواہ وصول کرتے ہیں اور لوگ اپنے کاموں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورخاص کر بلوچستان کے سرکاری محکموں میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ گھروں میں بیٹھ کر”بے روزگاری الاونس“ تنخواہ وصول کر رہے ہیں لیکن عوام اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے سرکاری دفاتر کے چکر لگالگاکر تھک جاتے ہیں لیکن انکے کام نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ گھروں میں بیٹھ کر لاکھوں روپے تنخواہیں وصول کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کی نعمتوں سے نوازا ہے لیکن سیاستدان،عوام خود اپنے ملک کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے صوبے میں جاری قبائلی دشمنیوں کے خاتمے اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک عوام خود اپنے مسائل کے حل کیلئے باہرنہیں نکلیں گے اسوقت نہ توانکے مسائل حل ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری کاخاتمہ ہوسکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے