پی ڈی ایم, کے زیر اہتمام کل ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ سے برآمد ہونیوالے مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی میں مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر شرکت کریں گے
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جاری کردہ بیان میں تمام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام آج بروز بدھ دوپہر 12بجے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ سے برآمد ہونیوالے مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی/مارچ میں شرکت کریں۔اس ریلی میں پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن، پشتونخوامیپ کے چیئرمین پی ڈی ایم کے مرکزی نائب صدر محمود خان اچکزئی، مسلم لیگ ن کے صدر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف، بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ پروفیسر سنیٹر ساجد میر، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ، جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ اویس احمد نورانی شرکت کرینگے۔ مارچ ایو ب اسٹیڈیم کوئٹہ سے شروع ہوگا اور گورنر ہاؤس روڈ سے ہوتے ہوئے صوبائی اسمبلی چوک تا جناح روڈ، منان چوک تا امداد وچوک اور پھر ہاکی گراؤنڈ پر جلسہ عام میں تبدیل ہوگا۔جس سے پی ڈی ایم کے قائدین خطاب فرمائینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک غریب عوام کو بدترین مہنگائی اور بیروزگاری سے نجات دلانا ہے حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات، گیس، بجلی ادوئیات، خوردنی اشیاء سمیت ہر چیز کی قیمتوں بے تحاشا اضافہ کرکے ملک میں بیروزگاری، لاقانونیت، بدامنی، انارکی اور ہر شعبہ زندگی کو تباہی سے دوچار کردیا ہے۔ اس نااہل مسلط ناکام سلیکٹڈ حکومت اور ان کے باعث درپیش ملکی بحرانوں سے نجات کیلئے آزادانہ صاف شفاف انتخابات کا فوری انعقاد ضروری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بالخصوص کوئٹہ شہر میں امن وامان ک دگرگوں صورتحال،قتل وغارت،اغواء برائے تاوان، چوری ڈکیتی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے تلاشی کے نام پر عوام کی تذلیل کی ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ ملک کے باڈرزبالخصوص طورخم، چمن، غلام خان، بادینی، تفتان پر تجارت کی بندش کے باعث صوبے کے عوام کا معاشی قتل عام جاری ہے۔ بیان میں کوئٹہ کے غیور عوام، تاجر برداری، سول سوسائٹی سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے مہنگائی کے خلاف آج کے عظیم الشان ریلی/مارچ میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔