ہمارے ساتھ میرعبدالقدوس بزنجو بھی وہی کر رہے ہیں جو جام کمال خان نے کیا، سردار یار محمد رند
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ جام کمال خان نے تو پھر بھی تین سال گزارے عبدالقدوس بزنجو کے تین مہینے بھی نہیں نکلیں گے،وزیراعلیٰ کو پارلیمان میں سپورٹ نہیں کریں گے اپوزیشن یا آزاد بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کریں گے، اسلام آباد میں جاکر بتاؤنگا کہ بلوچستان میں کیا کچھ ہورہا ہے وزیراعلیٰ کو کچھ بھی معلوم نہیں ہے، وزیراعلیٰ نے اب تک اہم محکموں پر بریفننگ کیوں نہیں لی وہ کیوں کہتے ہیں کہ خزانہ خالی ہے جبکہ انکے ترجمان کہتے ہیں کہ خزانے میں 50ارب ہیں یہ عوام کو کیابتانا چاہتے ہیں بلوچستان کے ساحل وسائل اور عوام کو لوٹنے نہیں چھوڑیں گے، قاسم سوری یا گورنر پی ٹی آئی کے پارلیمانی فیصلے کرنے کا اختیار نہیں رکھتے، کچھی میں تین افراد کے قتل میں نامزد ملزم کو گرفتار کیا جائے، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ واقعہ کا نوٹس لیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، سردار یار محمد رند نے کہا کہ11نومبر کو کچھی کی تحصیل بالا ناڑی میں گھروں میں گھس کر تین افراد کو قتل کیا گیا جبکہ دو لوگ شدید زخمی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک بلخصوص بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے مقتولین نے چند روز قبل کوئٹہ میں پریس کانفرنس کر کے اپنے خدشات ظاہر کہ انہیں قتل کیا جاسکتا ہے مگر اسکے باوجود کسی قسم کی کاروائی نہیں ہوئی اور ان افراد کو قتل کردیا گیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی جانوں سمیت ہر چیز کی بولی لگ سکتی ہے صوبائی حکومت نے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے اس بات کی تحقیقات شروع کردی ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء پر ایف آئی آر کیوں کاٹی گئی ہے آج بھی قاتل کوئٹہ شہر میں موجود ہیں انہوں نے کہاکہ میں اپنے ووٹروں اور سپورٹروں کو کسی دہشتگرد کے حوالے نہیں کرسکتا صوبے میں لاقانونیت کا بازار گرم ہے مجھے سیاسی نقصان پہنچانے کے لئے عمران خان کے سپاہی گورنر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے عاصم کرد گیلوسے ملاقات کی یہ تینوں افراد اس قتل کی سازش میں ملوث ہیں میرا وزیراعظم عمران خان سے سوال ہے کہ ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم 72سال کی ناانصافیوں کا خاتمہ کریں گے لیکن آج مظلوم افرادکی لاشیں انصاف مانگ رہی ہیں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے علم بردار کیوں ان مظلوموں کے لئے آواز نہیں اٹھا رہے انہوں نے کہا کہ مقتولین لاوارث نہیں ہیں ہم انکے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کے لئے انکے ساتھ کھڑے ہیں میری چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کروائیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران کو بتانا چاہتاہوں کہ یہ وہی گورنر ہے جس نے عمران خان کو سڑک پر کھڑا کرکے انڈے اور ٹماٹر مارے تھے اور اسکی پارٹی رکنیت ختم کی گئی تھی لیکن ناجانے کیوں ایسے لوگوں کو بلوچستان کے عوام پر مسلط کیا گیا ہے اگر اب بھی گورنر سمیت دیگر افراد کے خلاف کاروائی نہیں ہوتی تو ہم سمجھیں گے کہ عمران خان کی باتوں میں تضاد ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر رگرفتار کیا جائے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو پورا کچھی کے عوام وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کے دروازے پر ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ چند لوگوں کو استحصال کرنے نہیں دیں گے چیف جسٹس آف پاکستان کچھی میں تین افراد کے قتل کا از خود نوٹس لیں اور قاتلوں کو گرفتار کروائیں انہوں نے کہا کہ مقتولین کے لواحقین نے سڑک پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا جس کے بعد واقعہ کی ایف آئی آر درج ہوئی اور اسکے بعد سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بونچھال آیا ہوا ہے وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں وزیراعلیٰ اللہ کے انصاف سے ڈریں وزیراعلیٰ کے اقتدار کے دو دن رہیں جام کمال خان نے تو پھر بھی تین سال گزارے عبدالقدوس بزنجو کے تین مہینے بھی نہیں نکلیں گے انہوں نے کہا کہ نوری نصیر خان کے دور سے زمینوں پر بیٹھے افراد کو بے دخل کیا جارہا ہے یہ معاملہ سیاسی نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لئے ہر حد تک جائیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی حلف برداری میں اپوزیشن کے 24اراکین وزیراعلیٰ کی حمایت میں بیٹھے تھے جس پر محسوس کیا کہ ہمیں وہاں نہیں جا نا چاہیے ہمارے ساتھ میر عبدالقدوس بزنجو بھی وہی کر رہے ہیں جو جام کمال خان نے کیا انہوں نے پہلے دن یہ پالیسی اختیار کی کہ پی ٹی آئی کو تقسیم کیا جائے پی ٹی آئی ایک آدمی کے علاوہ متحد ہے میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر ہوں وزیراعلیٰ کو مجھ سے پوچھنا چاہیے انہوں نے کہا کہ جنہیں اسلام آباد میں بلایاجاتا ہے انہیں کوئی اختیار حاصل نہیں ہے فیصلے کا اختیار پارلیمانی پارٹی کو ہے ہم چند لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم عبدالقدوس بزنجو کو اسمبلی میں پارلیمانی سپورٹ نہیں کریں گے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کر اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ ہم آزاد یا اپوزیشن نشستوں پر بیٹھیں بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر اسلام آباد جاکر بات کرونگا انہوں نے کہا کہ قاسم سوری یا گورنر پی ٹی آئی ہیں؟ انکے پاس آئینی و قانونی کوئی اختیار نہیں کہ وہ فیصلہ کریں بلوچستان کے لوگوں نے ہمیں منتخب کیا ہے ہم عوام کے 26ہزار ووٹ لیکر آئے ہیں راتوں رات ایک جماعت بنائی گئی ہم نے بلوچستان کے وسیع ترمفا د بی اے پی کا ساتھ دیا ہے لیکن جس طرح کے حالات پیدا کئے جارہے ہیں ہم اپنے آئندہ کا لائحہ سوچنے پر مجبور ہونگے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو کچھ معلوم نہیں ہے بہت سے چیزوں پر اسلام آباد جاکر بات کرونگا وزیراعلیٰ نے اب تک بریفننگ کیوں نہیں لی وہ کیوں کہتے ہیں کہ خزانہ خالی ہے یہ عوام کو کیابتانا چاہتے ہیں بلوچستان کے ساحل وسائل اور عوام کو لوٹنے نہیں چھوڑیں گے