حکومت کی نا اہلی کا خمیازہ پوری قوم مہنگائی، بے روزگاری کی صورت میں بھگت رہی ہے، مولانا عبدالرحمن

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا ہے کہ حکومت کی نا اہلی کا خمیازہ پوری قوم مہنگائی، بے روزگاری اور بحرانوں کی صورت میں بھگت رہی ہے موجودہ حکومت نے مدت پوری کی تو ملک کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ اور دوبارہ معمول پر لانا ناممکن ہوگا، 17نومبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام ریلی ہوگی جبکہ 18نومبر کو جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کوئٹہ میں علماء کانفرنس سے خطاب کریں گے، یہ بات انہوں نے پیر کو جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا خورشید احمد حاجی بشیر احمد،عبدالغنی شہزاد، مولانا محمد ایوب، حافظ مسعود، قاسم خلجی و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن اور پارٹی قیادت نے تین سال قبل ہی خبردار کیا تھا کہ ملک پر نا اہل حکومت مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور انتخابات کے بعد حلف نہ لینے کی تجویز بھی دی گئی مگر اس وقت اس تجویز پر عملد آمد نہ کرنے کا خمیازہ آج پور ی قوم بھگت رہی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کے مذہبی تشخص، عالمی شناخت کو بری طرح متاثر کیا ہے ملک معاشی حوالے سے 50سال پیچھے چلا گیا ہے اب آنے والی حکومت کو ملک سنبھالنے میں طویل عرصہ لگے گا انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے،صحت،تعلیم، روزگار کی سہولیات ناپید ہیں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں،کرائے دگنے ہوگئے ہیں عوام کو تبدیلی کے نام پر غلط بیانی کی گئی اور جو تبدیلی کے نام پر غلط فہمی کا شکار ہوئے انہیں بھی معلوم ہوگیا ہے کہ ملک کی خوشحالی، سرسبز بنانے، کروڑوں نوکریاں دینے کی باتیں جھوٹ تھیں تبدیلی کے نام پر آنے والوں نے عوام کی امانت میں خیانت اور یوٹرن لئے انہوں نے کہا کہ حکومت غلط راستے پر چلنے، نا تجربہ اور نا اہلی کا اعتراف کرنے کے بجائے بیانات دے رہی ہے کہ انہوں نے غربت اور مہنگائی ختم کی آج قوم رو رہی ہے لیکن حکومت کہتی ہے کہ اب تین سال گزرے ہیں پانچ سال مکمل ہونے پر انکی کارکردگی پر بات کی جائے اگر موجودہ حکومت پانچ سال چلتی رہی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت کو چلنے سے روکنا ہوگا پی ڈی ایم نے تین سال سے احتجاجی مظاہرے اور جلسے کئے کراچی کے بعد 17نومبر کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جو ہاکی چوک پر پڑاؤ کریگی جہاں پی ڈی ایم کے قائد ین خطاب کریں گے ریلی میں صوبے بھر سے قافلے شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کوئٹہ میں 7علماء
کنونشن منعقد کئے جس کے بعد 18نومبر کو سب سے بڑا علماء کنونشن منعقد ہوگا جس میں علماء کی بڑی تعداد شرکت اور مولانا فضل الرحمن خطاب کریں گے تمام یونٹ، تحصیل کے کارکن جلوسوں کی شکل میں اکھٹے ہو کر کنونشن میں شرکت کریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے