خصوصی افراد کو باہنر بنانے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہوگی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں، گورنر بلوچستان، سید ظہور آغا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانا ضروری ہے خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ، ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے،خصوصی افراد کو باہنر بنانے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہوگی، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے بلوچستان کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج سے صوبے میں خوشحالی آئے گی،ترقیاتی پیکج سے صوبے کی محرومیوں کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی سے پورے ملک میں خوشحالی آئے گی،بلوچستان کے نوجوان حکومت کی جانب سے کاروباری قرض کی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد اور بلوچستان کے نوجوانوں کو حکومت کی قرض اسکیموں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے۔