کوئٹہ ، بدترین ٹریفک جام، وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ شہر میں بدترین ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک پولیس کو ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ نے اس بات پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے کہ عوام گھنٹوں گھنٹوں بے ہنگم ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں اور مریض ایمرجنسی میں بروقت اسپتالوں تک نہیں پہنچ پاتے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی سڑک کسی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہو جاتی ہے تو فوری طور پر متبادل راستہ دیا جائے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک انجئیرنگ کا شعبہ قائم کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک جام کو ختم کرنے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انہوں نے عوام کی سہولت اور ٹریفک جام کے تدارک کے لیے اپنی آمد و رفت کے دوران روٹ نہ لگانے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ نے ٹریفک نظام کی بہتری کے اقدامات کے حوالے سے انکی زیر صدارت جلد اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے