پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قیادت میں احتجاجی تحریک کومنزل تک پہنچا کردم لیں گے، مولانا عبد الرحمن رفیق
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا محمد ایوب حافظ عبد الحق حقانی مولانا محمد اشرف جان مفتی غلام نبی محمدی حاجی محمد شاہ لا لا حافظ مسعود احمد حافظ شبیر احمد مدنی حافظ سراج الدین مولانا حافظ سردار محمد نورزئی حاجی ولی محمدبڑیچ حاجی ظفر اللہ خان کاکڑ ملک نصیر احمد ایڈووکیٹ ملک عبداللہ خان ناصر حاجی عبداللہ سلیمان خیل اور دیگر نے کہا کہ دھوکہ اور فریب سے حاصل کی گئی حکومت ناکام ہی ہوگی،قوم کو جھوٹ کے ذریعے جو سنہرے خواب دکھائے گئے تھے وہ آج کٹھ پْتلی حکومت کے گلے پڑ گئے ہیں، مہنگائی کے عذاب نے قوم کی چیخیں نکال دیں حکمرانوں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ڈالر کو نیچے اور تمام اشیاء کی قیمتوں کو کم کریں گے اور ہمارے پاس بہترین معاشی ٹیم موجود ہے، سب جھوٹ ثابت ہوئے، انہوں نے کہا پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قیادت میں احتجاجی تحریک کو منزل تک پہنچا کردم لیں گے، مزید نااہل حکومت کو قوم اور غریب عوام پر مسلط ہونے نہیں دیں گے، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں غریب کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ آٹا چور، بجلی چور اور گیس چور حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اب مزید مہنگائی کی خبریں آرہی ہیں، ان کو حکومت پر مسلط کرنے والے ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہوں گے، آج غریب عوام نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں، مگر نااہل حکمران کے پاس ملک کو چلانے کا کوئی تجربہ نہیں ہے، چند عرصے میں ملک کے بچہ بچہ کو مقروض بنادیا گیا ہے، جوکہتا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا انہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ناجائز حکومت نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا، حکومت نے عوام کے پاس چینی، دوائی، آٹااور بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے، یہ ملک ان چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ان نالائقوں کو اب گھر جانا ہوگا، انہیں ووٹ دینے والے بھی اب پریشان اور انھیں بددعائیں دے رہے ہیں، ملک کے تمام شعبوں کے افراد احتجاج پر ہیں ملک میں تجارت، صحت، تعلیم، روزگار کے مواقع نہیں ہیں پی ڈی ایم کے قائدین نے کہا 17 نومبر کوئٹہ میں پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت میں عوام الناس ناجائز حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف عظیم الشان عوامی احتجاج ہوگا جبکہ 18نومبر کو جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام علماء کنونشن منعقد ہوگا جس کے مہمان خصوصی قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان ہوں گے۔ کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں آج انصار الاسلام کے رضاکاروں کا اجلاس زیر صدارت سید سعداللہ آغا منعقد ہوگا، 9 نومبر کو ضلعی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق منعقد ہوگا جبکہ کنونشن کی تشہیری کمیٹی اور سوشل میڈیا ڈیسک کا خصوصی اجلاس 10 نومبر کو زیر صدارت ضلعی ترجمان عبدالغنی شہزاد منعقد ہوگا