جھوٹ اور فریب پر قائم وفاقی حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کھاکہ جمہوریت کے استحکام اور قانون کی حکمرانی میں سیاسی پارٹیوں کے ساتھ بار اور بینچ کا بنیادی کردار رہا ہے سیاسی جماعتوں اور محنت کشوں کی یونینوں کو تقسیم اور کمزور کیا گیا ہے لیکن ملک میں اس وقت وکلاء تحریک زیادہ فعال و متحرک رہا ہے انھوں نے پارٹی کے وکلاء ونگ پر زور دیا کہ وہ وکلاء کی پارٹی کے ساتھ وابستگی پر خصوصی توجہ دیں اور بلوچستان بھر کے وکلاء کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنیر وکلاء کی پارٹی میں شمولیت کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی، مرکزی وکلاءسکریٹری ایڈووکیٹ راحب خان بلیدی، بلوچستان وحدت کے جنرل سیکریٹری خیربخش بلوچ، صوبائی وکلاءسکریٹری جلیل لانگو اور ایڈووکیٹ مشکور انور کی موجودگی میں ایڈووکیٹ شہک بلوچ، عرفان علی کنرانی، اللہ نواز اور حاجی احمد حسن ایڈووکیٹ نے نیشنل پارٹی میں اپنی باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وکلاء کی پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان اور ملک کے پڑھے لکھے نوجوانوں کی منضم ومتحرک سیاسی جماعت ہے جو قطہ نظر رنگ و نسل تمام سیاسی و فکری نوجوانوں کو ایک منظم سیاسی پلیٹ فارم پر متحد کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کھاکہ وکلاء برادری کا سماج میں اہم و بنیادی کردار ہے اس وقت ملک میں عوام کے بنیادی حقوق اور جمہوریت کے فروغ میں انکا کلیدی کردار و مقام ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کھاکہ ملک اس وقت سلیکٹیڈ حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی کے سبب شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے عوام مہنگائی و بیروزگاری کے دلدل میں دھنستا جارہا ہے لیکن ناعاقبت اندیش حکمران جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ جھوٹ اور فریب پر قائم وفاقی حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے حکومتی اراکین کی ڈرامہ بازیاں اور جھوٹ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتے روزانہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے سامنے آکر عوام کے سامنے ایک نیا تماشا کھڑا کردیتے ہیں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی و بے روزگاری کا نوید سنا کر ڈھٹائی کے ساتھ معیشت کی بحالی کا راگ الاپ کر رفو چکر ہوجاتے ہیں تیل و گیس اور یوٹیلیٹی بل میں اضافہ کردیتے ہیں انھوں نے کھاکہ روزانہ یوٹیلیٹی بل میں اضافے نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے انھوں نے کھاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث گیس کی بلوں میں لوگوں کو خصوصی سبسیڈی دی جائے اور سرد علاقوں کے گیس ٹیرف کو اس طرح کیا جائے تاکہ سردی سے بچاو کے لیے گیس کا استعمال ممکن ہو انھوں نے کھاکہ حالیہ ٹیرف کے تحت سرد علاقوں کے لوگوں کے لیے گیس بل ادا کرنا ممکن نہیں ہے۔