محکمہ تعلیم میں آر،ٹی،ایس،ایم کو فعال بنا دیا گیا ہے جس کا مقصد کہیں پر کوئی بھی ٹیچرغیرحاضرنہیں رہیگا، نذربلوچ

پشین(گرین گوادر نیوز)صوبائی محتسب اعلی نذر محمد بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی ضروریات،معیاری تعلیم،بہترین طبی سہولیات،انصاف تک آسان رسائی،انتظامی نظم و نسق کی بہتری،بدعنوانی کا خاتمہ اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ عوامی فلاح وبہبود کے د یگر اہم ترقیاتی منصوبوں کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے اور بروقت تکمیل کے لیے سرکاری مشینری اور عوامی نمائندوں کے مابین مضبوط روابط نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک روزہ دورے کے موقع پر ریسٹ ہاؤس پشین میں ضلعی آفیسر ان کے مشترکہ اجلاس کی صدارت اور کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انچارج وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سرور بروہی،رجسٹرار صوبائی محتسب سید محمد علی آغا،ڈائریکٹر صوبائی محتسب سعید احمد شاہوانی،ڈائریکٹر محتسب جمیل احمد کاکڑ ڈپٹی کمشنر شبیر احمد مینگل،اسسٹنٹ کمشنر سرور اعجاز سرور،اسسٹنٹ کمشنر برشورحفیظ اللہ کاکڑ و دیگر تمام محکمہ جات کے آفیسران سمیت علاقائی و سیاسی معتبرین اور عوام الناس کثیرتعداد میں موجود تھے،انتظامیہ اور عوام کے مابین روابط کو مضبوط بنانے کے لیے قبائلی عمائدین نے صحت،تعلیم،انصاف،معیاری خوراک،پینے کے صاف پانی،بجلی،گیس،نادرا،قبضہ مافیا،نا جائزتجاوزات،ٹریفک کے مسائل،امن وامان کی بحالی،اراضیات کی ملکیت،منشیات سمیت دیگر درپیش مسائل پر سوال اٹھائے اور وتجاویز پیش کیں،صوبائی محتسب نے فرداًفرداً عوام کے مسائل سن کر ان کے تسلی بخش جوابات دیے،اور انہیں اطمینا ن دلایا کہ آئندہ پندرہ دن میں باقی ماندہ تمام حل طلب مسائل کے مناسب اور دیرپا حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔نذر محمد بلوچ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کا مناسب اور فوری حل ضلعی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ جات کی ذمہ داری ہے،جبکہ قیام امن پولیس اور لیویز کے فرائض میں شامل ہے تاہم باقی تمام مسائل کو بتدریج حل کرنا ہم سب کے باہمی اشتراک اور مخلصانہ کوششوں سے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے ا نہوں نے علاقائی معززین کوتسلی دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے جن مسائل کا تذکرہ کیا گیا ہے اور ان کے مناسب حل کے لئے جو تجاویز پیش کی گئیں ہیں ان تمام مسائل پرہر ممکن پیش رفت کرتے ہوئے مناسب حل نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی،محتسب اعلیٰ کا کہنا تھاکہ صحت کے شعبہ میں تمام خامیوں کو دور کردیا جائے تاکہ عوام کا صحیح معنوں میں علاج معالجہ ممکن ہو سکے اور مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تمام ڈاکٹر حضرات اور دیگر ملازمین کو پرائم ٹائم میں ہسپتال میں موجود رہنے اور عوام کے علاج میں مگن رہنے کی تلقین کی گئی ہے،سرکاری ملازمین کا خدمت خلق سے سرشار ہونا ہی اصل ملازمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سرکاری ملازمین غافل اور غیرحاضر ہیں ان کی تنخواہیں بند یا کٹوتی کی جائے گی اور جو طویل عرصہ سے غیر حاضر ہیں ان کو ملازمتوں سے برخاست کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں آر،ٹی،ایس،ایم کو فعال بنا دیا گیا ہے جس کا مقصدکہیں پر کوئی بھی ٹیچر غیر حاضر نہیں رہیگا،کیونکہ اگر اسکول آباد ہونگے تودرحقیقت ناخواندگی،پسماندگی اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہوجائیگا،تاہم عوام کی تجاویز کی روشنی میں تمام تعلیمی اداروں کو مذید فعال بنایا جائیگا اور کسی کو بھی کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔محتسب اعلی نذر محمد نے قبائلی عمائدین کوضلع سے لینڈ مافیا،ناجائزتجاوزات اور منشیات کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے عزائم سے آگاہ کیا،اور اس ضمن میں انتظامیہ کے ساتھ عوامی تعاون جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں تاہم عوام کے خدشات و مطالبات پر مزید غور وحوض کرتے ہوئے انہوں نے ریونیو عملہ سمیت تمام پٹواری اسٹاف کو قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کو اپنا شعار بنائیں۔جبکہ عوامی فلاح و بہبود اور ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی قابل برداشت نہیں انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان سید ظہور آغا عوامی فلاح وبہبود،جدید طرز تعلیم اور سرکاری اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے بلا تفریق سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔دریں اثناء صوبائی محتسب نے سرکاری اداروں اور عوام کے مابین روابط کومستحکم کرنے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے لئے ضلعی سطح پرقبائلی و سیاسی شخصیات کمیٹی تشکیل دی،جو براہ راست محتسب کو علاقے کے مسائل سے آگاہ کرتے رہیں گے۔وفاقی محتسب کے کوآرڈینیٹرغلام سرور بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خدمت خلق کے جذبے کے تحت آئے ہیں۔اور عوامی شکایات کا ازالہ کرکے ہی سکون پائیں گے انہوں نے کہا کہ ضلع کے عوام سنجیدہ اور با شعور ہیں وفاقی اداروں سے وابستہ سرکاری مشینری عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے قبل ازیں صوبائی محتسب اعلیٰ نے دیگر اعلی حکام کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس،پولیو کنٹرول روم،ضلعی دفتر برائے اطلاعات و نشریات،سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کیمپس،ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال،گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول اور احساس پروگرام کے سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ ڈائریکٹر ایس،بی،کے اشرف کاکڑ نے یونیورسٹی اور ایم،ایس عبداللہ دوتانی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے