وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پربلوچستان کے جیلوں میں بند سزا یافتہ قیدیوں کے لیئے 60 یوم کی خصوصی معافی کا اعلان
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)محکمہ داخلہ وقبائلی امور حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت اور مجاز حکام کی منظوری کے بعد بلوچستان کے جیلوں اور جوڈیشل لا کپ میں بند سزا یافتہ قیدیوں کے لیئے 60 یوم کی خصوصی معافی کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس کا اطلاق ان سزا یافتہ قیدیوں پر لاگو نہیں ہوگا جو تخریب کاری، بم دھماکوں، جاسوسی، ریاست مخالف سرگرمیوں، دہشت گردی ایکٹ(اے ٹی اے میں بیان کردہ)، قتل،عصمت دری، جیسے گھناؤنے جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ایسے ہی اس معافی کا اطلاق ان قیدیوں پر بھی نہیں ہوگا جو غیر فطری جرائم اغواء، راہزنی، ڈکیتی، فارن ایکٹ 1946،نیب آرڈیننس 1999 کے تحت زیر سماعت مقدمات،اور تعزیرات پاکستان کے باب۔XVl کے تحت متعین جرائم کے لیے اور ان قیدیوں کے لیے جنہیں صوبائی حکومت نے خصوصی معافی سے نوازا ہے۔