عبدالقدوس بزنجو بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب ہوں گے، سینیٹرثمینہ زہری

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے سیاسی بحران کے جمہوری حل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے بلوچستان میں جاری سیاسی بحران کی وجہ سے بلوچستان میں غیریقینی صورتحال تھی جس کا جمہوری طریقے سے پائیدار حل نکلنا اور اقتدار کی منتقلی خوش آئند بات ہے جو کہ جمہوریت کی جیت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا گھر ہے اور گھر کی حفاظت اور خوشحالی کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ عبدالقدوس بزنجو بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ نوجوان وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں ان کی ٹیم کے لئے بلوچستان کے مفادات اور ترقی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے اور بہترین اور پائیدار ترقی کے لئے ان ہاؤس تبدیلی جمہوریت کی جیت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں اکثریت کی رائے کا احترام کرتے ہوئے جام کمال خان کا استعفیٰ اورنئی قیادت کا حکومت سنبھالنا بلوچستان کے عوام کے لئے خوش آئند ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عبدالقدوس بزنجو کی نوجوان قیادت میں بلوچستان حکومت صوبہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کر دے گی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ دن دور نہیں جب بلوچستان امن و امان اور ترقی و خوشحالی میں سر فہرست آ جائے گا اور اس کے لئے بلوچستان کے ہر شہری کواپنے اپنے شعبوں میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گااور دل و جان سے محنت کرنے اور متحد رہنے کا عہد کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب ایک پیج پر ہیں اور صوبہ کے عظیم تر مفادات کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے