بلوچستان کے تین اضلاع میں ڈینگی وائرس کے مزید76کیسزرپورٹ متاثرہ افراد کی تعداد1826ہوگئی
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)بلوچستان کے تین اضلاع میں ڈینگی وائرس کے مزید76کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ابتک متاثرہ افراد کی تعداد1826ہوگئی ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھانے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ یہ بات ملیریاکنٹرول پروگرام کے کوارڈی نیٹر ڈاکٹر خالد قمبرانی نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ تین ہفتوں کے دوران بلوچستان کے تین اضلاع کیچ میں 45،گوادر میں 30اور لسبیلہ میں ایک ڈینگی وائرس کا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد رواں سال صوبے میں ڈینگی وائرس کے کیسوں کی تعداد1826ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں بلوچستان میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر چیف سیکرٹری کوتفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری بلوچستان نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے اپنے اپنے اضلاع میں خصوصی اقدامات کو یقینی بنائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں ڈینگی وائرس کی صورتحال مکمل طورپرمحکمہ صحت کے کنٹرول میں ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈی ایچ اوز کو فنڈز فراہم کردیئے گئے ہیں۔