عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ حکمرانوں اور اپوزیشن جماعتوں کی آپس کی چپقلش کی وجہ سے عوام پس کر رہ گئے ہیں حکمران اور اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کے حصول کیلئے کوشا ں ہیں انہیں عوا م کے مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کوبلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے ایک قبائلی عمائدین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تین سال کے دوران موجودہ حکمرانوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کا م نہیں کئے حکمران اور اپوزیشن جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کے لئے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اسوقت مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں اوراپنے بچوں سمیت خود کشیاں کر رہے ہیں لیکن حکومت اوراپوزیشن جماعتوں کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ موجود حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں آئے روز پٹرولیم مصنوعات قیمتوں، گیس،بجلی کے بلوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوا م آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے ایسے عناصر کو مسترد کردیں گے جنہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے