بلوچستان کا سیاسی بحران کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل، گورنر،وزیراعلیٰ بلوچستان،ناراض ارکان اسمبلی اسلام آباد پہنچ گئے

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) بلوچستان کا سیاسی بحران کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل، گورنر،وزیراعلیٰ بلوچستان،ناراض ارکان اسمبلی اسلام آباد پہنچ گئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا ناراض ارکان اور وزیراعلیٰ آج کوئٹہ واپس آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان سید ظہور آغا،وزیر اعلی بلوچستان جام کمال، اور ناراض اراکین کی بڑی تعداد نے اسلام آباد میں ڈیرے جما لئے گورنر بلوچستان نے گزشتہ دو روز میں وزیراعظم عمر ان خان اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاہے جبکہ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بدھ کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیراعظم ہاوس میں ماحولیاتی تبدیلی پر منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کی جس کے بعد ا نہوں نے بھی اہم ملاقاتیں کیں اور بدھ کی شب بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان،اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو، پارٹی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی، قائم مقام صدر میر ظہور بلیدی، سردار عبدالرحمن کھیتران سمیت دیگر بھی اسلام آباد میں موجود ہیں انہوں نے بدھ کی دوپہر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے موقف،سیاسی صورتحال،وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ ناراض ارکان سے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی ملاقات کی اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل منظور احمد کاکڑ، سینیٹر نصیب اللہ بازئی،سینیٹر کہدہ بابربھی موجود تھے وزیر دفاع نے ناراض ارکان کو سیاسی بحران اور صورتحال کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کی تجویز دی تاہم ناراض ارکان نے واضح کیا کہ وہ اب بھی مائنس ون فارمولے پر قائم ہیں ناراض گروپ کی آج وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے جس کے بعد ناراض ارکان کی آج کوئٹہ واپسی متوقع ہے جبکہ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کما ل خان بھی آج واپس کوئٹہ پہنچیں گے دوسری جانب کوئٹہ میں موجود ناراض ارکان نے بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ا س موقع پر انہوں نے ناراض ارکان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر رکن صوبائی اسمبلی میرظہور بلیدی نے وزیراعظم سے سیاسی صورتحال میں مداخلت کی اپیل کردی ہے اس تمام صورتحال میں صوبے کی اپوزیشن جماعتیں خاموش نظر آئیں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ا یڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے