وزیراعظم جلد صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا لکھیں گے، ناصر شاہ

سکھر: سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت جلد یا تو عمران خان خود چلے جائیں گے یا پھر صدر کو اسمبلیاں توڑنے کی سفارش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن ہم ان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے نہیں دیں گے۔ پی ڈی ایم کی تحریک شروع ہونے کے بعد اب ان کا جانا مقدر ٹھہرا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب! اب آپ نے گھبرانا نہیں بلکہ جانا ہے، اب ملک کے عوام کہ جان چھوڑ دیں۔

سکھر پریس کلب میں رکن سندھ اسمبلی منور وسان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ اگر پی ڈی ایم نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ کیا تو پیپلز پارٹی اس پر عمل کرے گی۔ اس حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہے۔ ہم پی ڈی ایم کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ ان کے بیانیے اور موومنٹ کے سامنے سندھ حکومت کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گجرانوالہ اور 18 اکتوبر کو کراچی کے جلسے حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہونگے۔ 16 اکتوبر کو بلاول بھٹو لالہ موسیٰ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جزیرے سندھ کی ملکیت ہیں، تھے اور رہیں گے۔ وفاقی حکومت نے جو آرڈینس جاری کیا وہ غیر آئینی ،غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت اسے واپس لے۔ ہم نے اس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔ سندھ اسمبلی میں بھی اس کے خلاف قرارداد لائیں گے۔ عدالتوں سے بھی ہمیں اپنے حق میں فیصلے کی امید ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے