پشتون ثقافت اپنے اندر تخلیقی قوت رکھتی ہے، سید ظہورآغا

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ پشتون کلچر کی بنیادیں اجتماعیت، امن و آشتی، بردباری، صلہ رحمی اور مہمان نوازی کے اقدار میں پیوست ہیں پشتون ثقافت اپنے اندر تخلیقی قوت رکھتی ہے اور اپنے گردوپیش کے دیگر تمام ثقافتی اکائیوں کے ساتھ یگانگت، ہم آہنگی اور رواداری کے اْصولوں کی بنیاد پر تعامل کرسکیں. گورنر ظہور آغا نے کہا کہ ہماری ثقافت کے پیچھے ایک طویل تاریخ ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون انٹرنیشنل کلچر ڈے کی مناسبت سے یونیورسٹی آف بلوچستان میں پشتو ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان اور ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر نصیب اللہ سیماب سمیت روایتی کپڑوں میں ملبوس اساتذہ کرام، طلبہ اور خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس خطے میں رہنے والے اقوام کو ملکر اخوت اور بھائی چارے پر مبنی اجتماعی حکمت عملی بنانی ہوگی. گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخ میں ہمارے جن اسلاف اور اکابرین نے قومی تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے قربانیاں دی ہیں اور اپنے تاریخی ورثے کو تحفظ دینے کی خاطر سختیاں برداشت کی ہیں خراج تحسین کے مستحق ہیں. انہوں نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ طلباء کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے کردار اور اخلاق سنوارنے پر توجہ دی جائے تاکہ معاشرے کے فرض شناس شہری بن سکیں. قبل ازیں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان، پشتو اکیڈمی کوئٹہ کے صدر سید خیر محمد عارف، معروف ادیب ودانشور وحید ظہیر، بلوچی ڈیپارٹمنٹ کے چئیرمین ڈاکٹر رحیم بخش بلوچ نے ثقافتی تنوع پر پْرمغز مقالے پیش کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے