بلوچستان اب ترقی و خوشحالی کے لحاظ سے دیگر صوبوں کے برابر آگیا ہے ، عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی گروپ میں پائے جانے والے اختلافات اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے کو احسن طریقے سے حل کرانے پر چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی اور مصالحتی کمیٹی کے مثبت کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت نے بہت مختصر وقت میں بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال کا ترقی و خوشحالی کا وژن اس بات کی ضمانت ہے کہ بلوچستان اب ترقی و خوشحالی کے لحاظ سے دیگر صوبوں کے برابر آگیا ہے بلوچستان کی احساس محرومی اور پسماندگی اب ختم ہونے کو ہے۔ بلوچستان اپنے پاں پر کھڑا ہوجائیگا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پارٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنے منشور و پروگرام کے مطابق پارٹی کے سربراہ وزیراعلی جام کمال کی سربراہی میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہی ہے۔ ترقی مخالف قوتوں کو صوبے اور یہاں کے عوام کی یہ ترقی وخوشحالی ہضم نہیں ہورہی اس لئے وہ سازشوں میں مصروف ہیں لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ان منفی سوچ کے حامل قوتوں نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کی ضامن جماعت بلوچستان عوامی پارٹی میں بھی غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی گروپ جوکہ سیاسی سوچ بوجھ رکھنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے وژن کو پارٹی پروگرام کے تحت آگے لے جانے میں شروع دن سے ہی اپنا مثبت کردر ادا کررہا تھا، حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے واپس آگیا ہے اب یہ وزیراعلی جام کمال کو چاہئے کہ وہ ان کے تحفظات اور خدشات کو دور کریں اور مل بیٹھکر پارٹی منشور اور پروگرام کے تحت صوبے اور یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مصالحتی کمیٹی خصوصا چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جس مدبر انداز میں بی اے پی کی پارلیمانی گروپ اور ناراض ساتھیوں کو منانے میں اپنا مثبت اور کلیدی کردار ادا کیا ہے وہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائیگا۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال اس صوبے اور بلوچستان عوامی پارٹی کے لئے لازم و ملزوم ہیں ان کے آباو اجداد اور انکی اس صوبے کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں بلوچستان اور یہاں کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی تاریخ کے اوراق میں ان کے آباو اجداد اور ان کا نام اچھے الفاظ میں درج ہوگا جو کہ ہماری جماعت بی اے پی کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہماری حمایت اور سپورٹ وزیراعلی جام کمال اور انکی ٹیم کے ساتھ پہلے بھی تھی اور آئندہ بھی رہے گی بلوچستان خوشحال ہوگا تو ہم سب خوشحال ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے