بلوچستان قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہو رہا ہے، صادق سنجرانی

اسلام آباد (گرین گوادر نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یونیورسل سروس فنڈ اور ٹیلی نار کے مابین صوبہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور نوشکی میں تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ 4G منصوبے کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے ذریعے بلوچستان قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہو رہا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتا ہوں کہ وہ صوبہ بلوچستان کے دیگر پسماندہ علاقوں میں اپنی کوششوں کو زیادہ سے زیادہ اور متنوع بنائیں۔نوشکی اور چاغی کے اضلاع میں فور جی سروسز کی فراہمی خوش آئند ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان سے تعلق ہونے کے ناطے اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ صوبہ بھر میں لوگوں کی بہتری کے لیے بہت زیادہ اہمیت کے حامل منصوبہ جات پرکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے اس اْمید کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی صوبہ بلوچستان کے چاغی اور نوشکی اضلاع کو دنیا کے ڈیجیٹل نقشے پر لانے میں اہم کردار ادا کریگی۔چیئرمین سینیٹ نے پسماندہ علاقوں کو ڈیجیٹل اور بااختیار بنانے کے لیے تندہی سے کام کرنے پر وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بلوچستان اب بھی ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں دوسرے صوبوں کی نسبت بہت پیچھے ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس انتہائی اہم منصوبے میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چاغی اور نوشکی اضلاع کے لوگوں کو اس تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ 4G سروسز کی فراہمی پر مبارکباد پیش کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن میں بہت زیادہ سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز نے ہماری زندگی کے ہر پہلو میں انقلاب برپا کر دیا ہے چاہے وہ ذاتی ہو یا پروفیشنل پوری دنیا کا سماجی و معاشی مستقبل اب تیز رفتار ڈیجیٹل رابطے پر منحصرہے۔ یو ایس ایف اور ٹیلی نار کی ڈیجیٹلائزیشن شراکت داری پسماندہ علاقوں کو جدید علاقوں کے برابر لانے میں مدد دے گی اور اس سے مقامی آبادیوں کو بے مثال مواقع فراہم ہونگے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے علاقے دالبندین میں یونیورسٹی بھی بنانے جارہے ہیں اورملک کو آگے لے جانے کے لیے مستقبل میں آئی ٹی کا کردار بہت اہم ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوان نسل کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ قومی ڈیجیٹل انقلاب کا حصہ بننے کے لیے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ صحت، تعلیم، زراعت، تجارت اور گورننس اور دیگر شعبہ جات کیلئے تیز رفتار آن لائن ڈیجیٹل رسائی کی دستیابی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیاکہ وہ صوبہ بلوچستان کے دیگر پسماندہ علاقوں میں بھی اپنی کوششوں کو زیادہ سے زیادہ اور متنوع بنائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا آعادہ کیا کہ صوبہ بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنا مکمل تعاون اور مدد جاری رکھیں گے اور صوبہ بلوچستان کے لوگوں کو زیادہ ترقی یافتہ صوبوں کے برابر لانے کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں باہمی رابطہ کاری کے شدید مسائل تھے۔نوشکی اور چاغی کے اضلاع میں فور جی سروسز کی فراہمی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ 70 سے 80 ہزار زائرین اسی روٹ سے سفر کرتے ہیں۔ اس سروس کی فراہمی سے صوبہ بلوچستان کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے