کوئٹہ ، ہوائی فائرنگ زمینوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی، محمد طاہررائے

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز)آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے ہلال شجاعت نے کوئٹہ پولیس کے آ فیسران سے میٹنگ کی جس میں ڈی آئی جی سے لے کر ایس ایچ او کی سطح کے آفیسران شامل تھے۔اس موقع پر آئی جی پولیس نے سختی سے ہدایات د یں کہ کوئٹہ میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کو جیل بھیجا جائے گا۔ کوئٹہ میں پتنگ بازی کا سامان بیچنے والی دوکانوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ شہر میں پتنگ بازی نہیں ہوگی۔ کوئٹہ میں زمینوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کے خلاف سخت قانونی کاروائی ہوگی۔ کسی قبضہ گروپ کو شریف شہریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے لئے زمین تنگ کر دی جائے گی۔ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر کے ان کو عدالتوں سے سزا کروائی جائے گی اور جیلوں کی سلا خوں کے پیچھے رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ محرر کو سٹیشنری اور تمام سامان مہیا کر دیاگیا ہے اور تمام شہریوں کی رپورٹوں کا اندراج فوری اور مفت کیا جائے گا۔ اگر کوئی محرر کسی شہری سے پیسے کا مطالبہ کرے تو شہری متعلقہ ایس پی کو مل سکتا ہے یا خفیہ خط ڈی آئی جی یا آئی جی کو لکھ سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ محرر تھانے کے اندر شہریوں سے حسن سلوک سے پیش آئے۔ شہریوں کے ساتھ وارداتوں اور جرائم کی FIRکا فوری اندراج کیا جائے گا۔ اگر ایف آئی آر کا اندراج نہ ہو تو شہری متعلقہ ایس پی کو مل سکتا ہے یا پھر ڈی آئی جی یا آئی جی کو خفیہ خط لکھ سکتا ہے۔ تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔ کسی شہری سے تفتیش کا خرچہ نہیں لیا جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے