قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، لالا یوسف خلجی
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ صوبے سے نفرتوں اور قبائلی دشمنیوں کے خاتمے اور محبت و بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، بلوچستان امن جرگے کے زیراہتمام امن ریلی میں عوام کی شرکت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام صوبے میں امن چاہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالایوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جس کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیں ملکرکام کرنا ہوگا صوبے میں قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کے باعث صوبہ ترقی کے لحاظ سے دیگر صوبوں سے بہت پیچھے ہے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب اور قلم کی بجائے کلاشنکوف ہے جو کسی بھی طرح درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ صوبے میں نفرتوں اور قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کررہا ہے قبائلی مشران اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو چاہئے کہ وہ صوبے سے قبائلی دشمنیوں کے خاتمے اور محبت و بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں بلوچستان امن جرگے کے زیراہتمام امن ریلی میں عوام نے بھر پور شرکت کرے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ صوبے میں امن اور بھائی چارہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے امن ریلی کے کامیاب انعقاد پر قبائلی عمائدین،شہریوں اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔