جام کمال کی سربراہی میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کوئٹہ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پربزدلانہ خود کش حملے میں جوانوں کی شہادت پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کو برداشت نہیں کر رہے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے سیکیورٹی فورسز اور نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دشمن کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پرعزم قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے بہت جلد یہ تمام دشمن عناصر اپنے انجام کو پہنچیں گے۔موجودہ حکومت نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر صوبہ میں امن و امان قائم کیا ہے جسے مزید موثر بنایا جارہا ہے ْؑاور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں ان وسائل کو ضائع کیا گیا اور ان سے استفادہ حاصل نہیں کیا جاسکا ان وسائل کو بہتر طور پر استعمال کر کے بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کر کے انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات، روزگار، تعلیم، صحت جیسے شعبوں میں درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلایا جاسکتا تھااس کے برعکس ان وسائل پر موجودہ حکومت نے بھرپور توجہ دی ہے اوردستیاب وسائل سے استفادہ حاصل کیا جارہا ہے موجودہ حکومت عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا کر لوگوں کے دل جیت لئے ہیں جام حکومت نے جو منصوبے شروع کئے ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی یہی وجہ ہے کہ ملک دشمن اور مفاد پرست عناصر بلوچستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھناؤنی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن الحمداللہ بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی ہے سیکیورٹی فورسزنے صوبے میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کیا ہے انہوں نے شہداء اور زخمیوں کے لئے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔