بلوچستان میں منشیات کے سدباب کے لیے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر داخلہ
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل پاکستان کے منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بلوچستان حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان میں منشیات کے سدباب کے لیے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ اس مد میں چیلنجز بھی ہیں جن میں انسدادِ منشیات کی کاروائیوں میں تیزی لانااور منشیات کی موثرروک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محکمانہ عملداری کی وساطت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کے لئے ان کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی منشیات کی روک تھام سے متعلق گزشتہ برس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اداروں کی صلاحیت بڑھانے کی غرض سے تمام اداروں سے تجاویز بھی طلب کی گئیں ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات پر قابو پانے کے لئے مشترکہ اور مربوط نوعیت کا نظام قائم کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے رحجانات، قانونی امور اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کی استعداد بڑھانے سے متعلق امورزیرغور لائے گئے وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت پر پہلے ہی عمل درآمد شروع کیا گیا ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے مزید تیزی لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع رقبے پر پھیلنے ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کی سرحدیں بھی اس سے منسلک ہیں جس کی وجہ سے منشیات کی اسمگلنگ کی کارروائیاں زیادہ ہیں لیکن بلوچستان حکومت کی جانب سے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں اب کافی حد تک اس طرح کے جرائم پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں انشااللہ مستقبل قریب میں اس میں مزید بہتری لاتے ہوئے بلوچستان کو مکمل طور پر فری اینٹی نارکوٹکس زون بنانے کیلئے کاوشیں کی جائیں گی۔