شہداء کے لواحقین اور زیارت کے عوام کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے ،جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے زیارت میں لیویز کے تین اہلکاروں کی شہادت پرجاری دھرنے کے شرکاء کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں یکسر ناکام ہے حکومت کی غفلت کی وجہ سے تین اہلکار شہید ہوئے جبکہ دھرنے کے شرکاء کے مطالبات جائز ہیں جن پر پانچ روز گزرنے کے باوجود عمل درآمد نہ ہونا باعث تشویش ہے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے صوبے میں ایک بار پھر امن و امان کی صورتحال میں بگاڑ پیدا ہوا ہے زیارت میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں لیویز کے تین اہلکارشہید ہوئے انہوں نے کہا کہ زیارت کے عوام اور شہداء کے لواحقین نے جن خدشات کا اظہار کیا ہے ان پر سنجیدیگی سے غور کیا جانا چاہیے اور ہونا یہ چاہیے تھا کہ حکومت فور ی طور پر دھرنے کے شرکاء کے جائز مطالبات کو تسلیم کرکے شہداء کی مکمل اعزاز کے ساتھ تدفین کا بند وبست کرتی مگر یہ بات باعث افسوس ہے کہ پانچ روز گزرنے کے باوجودحکومت لیت و لعل سے کام لے رہی ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) شہداء اور زیارت کے عوام کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی اور انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہداء کے لواحقین اور زیارت کے عوام کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے