شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی آئندہ سماعت 11 ستمبر تک ملتوی
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت، ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) محمد علی مبین نے آئندہ سماعت 11 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔پیر کے روز ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) محمد علی مبین کی عدالت میں شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمہ مسماۃ رابعہ ولد جمال الدین اور ملزم کمال الدین ولد جمال الدین کو عدالت کے روبرو پیش کیا جبکہ شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے بھائی اسفند یار رئیسانی بھی ایڈیشنل سیشن جج کے روبروپیش ہوئے تاہم بائیکاٹ کے باعث وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) محمد علی مبین نے آئندہ سماعت 11 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ مقتول صحافی کے بھائی شعیب رئیسانی نے بتایاکہ شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی میں پولیس کی جانب سے مقدمہ کا چالان جمع کرانے کے بعد یہ پہلی پیشی تھی۔ مقتول صحافی کے ورثاء کی جانب سے کیس کی پیروی سینئر قانون دان وسابق سینیٹر ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ اور ملک تنویر شاہوانی ایڈووکیٹ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں ملزمان کو ہرآسائشیں فراہم کی جارہی ہیں جس کی نظیر ہمیں عدالت میں بھی دیکھنے کو ملی،آئی جی جیل خانہ جات اس کی تحقیقات کرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت سے انصاف کی توقع ہے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے عدل کے ہر دروازے پر دستک دیں گے۔