صحت کے شعبے کی ترقی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، مطہر نیاز رانا
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں صحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صحت کے شعبے کی ترقی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور عام آدمی کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم ہے۔ صوبائی حکومت محکمہ صحت کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ ان خیالات کا انہوں نے ای پی ائی کے زیر اہتمام بچوں اور خواتین کو حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طب کا پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے اور جس میں انسانیت کی خدمت کی جاتی ہے۔اس شعبے سے منسلک افراد عوام کو خدمات بھی اسی جذبے اور احساس کے ساتھ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں سات فیصد فنڈز صحت کے لئے مختص کئے جاتے ہیں۔ اس سال بھی پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں 19 ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے لیے مختص کئے گئے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے دو بڑے پروجیکٹ بلوچستان کو دئیے ہیں۔ 6 ارب روپے کا Covid-19 پروجیکٹ جبکہ 5 ارب روپے کا ساوتھ بلوچستان کے پروجیکٹ ہیں انہوں نے ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مریضوں سے احسن طریقے سے پیش آئیں اور جذبے سے فرائض سر انجام دیں اور والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکاجات کی ویکسنیشن ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈی ایچ اوز دفاتر میں اپنی اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنائیں کیونکہ جب ڈاکٹرز ہسپتالوں میں موجود نہ ہوں تو لوگوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کو ایک چیلینج کے طور پر لیکر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں سیمینار میں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ کیئر عزیز احمد جمالی بھی شریک تھے۔یاد رہے کہ مہم 30 اگست بروز سوموار سے شروع ہورہی ہے اور یہ 12 روزہ مہم میں 23 ماہ کے بچوں سے لے کر 49 سالہ خواتین کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔