جمہوریت کے لبادے میں ملک پر آمریت مسلط ہے، میر کبیر محمد شئی

کراچی (گرین گوادر نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میر کبیر محمد شئی نے کہا کہ جمہوریت کے لبادے میں ملک پر آمریت مسلط ہے۔ پی ڈی ایم کی تحریک کا مقصد آئین کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی ہے۔ ملک میں صف بندی واضح ہو گئی ہے۔ ایک طرف آئین کی بحالی کی جدوجہد ہے جبکہ دوسری طرف شخصی حکمرانی کو طول دینے والا ٹولہ اقتدار پر قابض ہے۔ عمران خان نے شوگر مافیا، چینی مافیا، پٹرول مافیا کو نواز کر غریبوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا۔ بلوچستان میں فشنگ ٹرالر مافیا کو مسلط کرکے غریب ماہی گیروں کا استحصال کیا گیا ہے۔ خدارا بلوچستان کو اتنا زخمی مت کرو، بلوچستان پہلے ہی احساس محرومی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں آئینی باڑ لگا کر بلوچ عوام کو بلوچستان کے ساحلوں سے دور کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان کی ساحلی پٹی اور سندھ کے جزائر کو اسلام آباد کے تابع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کے وسائل کے تحفظ اور قوموں کو خود مختاری دیئے گئے ملک میں استحکام نہیں لایا جا سکتا۔ عوام سے حق حکمرانی چھیننے کی کوشش کرکے ملکی مفادات کو داو پر لگایا گیا۔ لوگوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو مسائل میں اضافہ ہو گا۔ بلوچوں سے معافی بھی مانگی گئی اور بلوچوں کو نشانہ بھی بنایا گیا۔ اگر بلوچوں سے سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات نہ کیے گئے تو ایسا نہ ہو کہ دیر ہو جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے